گول ہے (ہ)اور دو چشمی (ھ) میں فرق
گول ہے (ہ) اور دو چشمی ہے(ھ) میں فرق
ہے جس سے عربی میں ہا کہتے ہیں کی تین قسمیں ہیں۔ ایک کو ہم حلقی حے (ح) ایک گول ہے(ہ)اور ایک کودوچشمی ہے (ھ)کہتے ہیں۔ حلقی ہے (ح)کو حلقی اس لیے کہتے ہیں کیونکہ یہ وسط حلق یعنی حلق کے درمیان میں سے ادا ہوتی ہے اور گول ہے (ہ)حلق کے شروع یعنی سینہ کی طرف سے ادا ہوتی ہے ۔حلقی حے (ح)اور گول ہے میں فرق کرنا تو آسان ہے مگر گول ہے (ہ)اور دوچشمی ہے(ھ) میں فرق کرتے ہوئے اکثر لوگ غلطی کرتے ہیں ۔اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ اکثر لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ یہ دونوں ایک ہی ہیں جبکہ ایسا بالکل نہیں ہے کیونکہ گول (ہ)ہے ایک حرف ہے جبکہ دو چشمی ہے(ھ) صرف ایک علامت ہے اب یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ حرف اور علامت میں کیا فرق ہے ؟حرف اس کو کہتے ہیں جس سے یا تو باقاعدہ کوئی لفظ بنے یا پھر کسی لفظ کے بننے میں وہ اکیلا اپنا ایک مقام رکھتا ہو مثلاً ہاتھی،ہاتھ،ہیں، وغیرہ میں ہم دیکھتے ہیں کہ گول ہے (ہ)کو باقاعدہ ایک حرف کے طور پر استعمال کیا گیا ہے اب علامت کسے کہتے ہیں؟ علامت اسے کہتے ہیں کہ جو اکیلے میں کوئی آواز نہیں دیتی ہے جب تک کہ اس کے ساتھ کوئی اور حرف نہ مل جائے مثلاً ہم لکھتے ہیں اِس یا اُس میں ان دونوں میں فرق کرنے لئے ہم نے زیر اور پیش کا استعمال کرتے ہیں تو یہاں الف ایک حرف ہے زیر اور پیش علامات۔دو چشمی ہے(ھ) بھی ایک علامت ہے نہ کہ حرف مثلاً مجھے کو م۔ج۔ے پڑھا جائے گا نہ کی م۔ج۔ہے یعنی اس میں" ھ "کی آواز بالکل ہلکی پھلکی رہتی ہے۔ اسی طرح اگر ہم" کھانا "کو "کہا نا "لکھیں گے تو غلط ہو جائے گا۔
نوٹ:یہ بات یاد رکھنے کی ہے کہ دو چشمی ہے (ھ)کا استعمال بعض حروف کے ساتھ مل کر ہوتا ہے مثلاً بھ،پھ،تھ وغیرہ وغیرہ۔
تحریر:ناظم پونچھی
تاریخ۱۸نومبر ۲۰۲۱
Comments
Post a Comment